لوڈشیڈنگ بڑھی تو سماجی و معاشی چیلنج ہوسکتے ہیں، کے الیکٹرک کا انتباہ

September 26, 2020

لوڈشیڈنگ بڑھی تو سماجی و معاشی چیلنج ہوسکتے ہیں، کے الیکٹرک کا انتباہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کے الیکٹرک نے وفاقی حکومت سے نیشنل گرڈ سے 800 میگا واٹ تک سپلائی بڑھانے کی درخواست کر دی کے الیکٹرک کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی طرف سے گیس پریشر میں کمی کے باعث، پاور یوٹیلیٹی کو بجلی کی پیداوار میں مشکلات درپیش ہیں۔

صارفین کو اضافی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو سماجی و معاشی چیلنج کا باعث بن سکتی ہے،گیس کی مطلوبہ مقدار مکمل طور پر دستیاب ہے تاہم،ایسے وقت میں جب بجلی کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے،گیس پریشر میں کمی کے باعث 250سے 300میگا واٹ کی کمی کا سامنا ہے۔اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے، پاور یوٹیلیٹی نے قلیل المدتی بجلی کی طلب پوری کرنے کیلئے مطلوبہ گیس پریشر پر آر ایل این جی کی فراہمی کی درخواست کی ہے اور اس حوالے سے منظوری کی منتظر ہے۔

اسی کے ساتھ، پاور یوٹیلیٹی نے وفاقی حکومت سے نیشنل گرڈ کے موجودہ این کے آئی اور جامشوروانٹر کنکشنز سے 800میگا واٹ تک سپلائی بڑھانے کی بھی درخواست کی ہے۔کے الیکٹرک کے فرنس آئل پر چلنے والے پاور پلانٹس اپنی پوری استعداد پر کام کررہے ہیں۔

کے الیکٹرک نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیس پریشر میں مسلسل کمی کے باعث شہر کے تمام رہائشی طبقات سمیت صنعتی صارفین کو بھی اضافی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو سماجی و معاشی چیلنج کا باعث بن سکتی ہے۔پاور یوٹلیٹی، اس مشکل وقت کے دوران وفاقی حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے تعاون پر شکرگزار ہے۔