افسران کی ترقیوں کا معاملہ سی ڈی اے بورڈ کو بھیجنے کا حکم

September 26, 2020

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ سے اپ گریڈیشن کے ذریعے ترقی پانے والے سی ڈی اے افسران کو بڑا ریلیف نہ مل سکا ، عدالت نے افسران کی ترقیوں کا معاملہ سی ڈی اے بورڈ کو بھیجتے ہوئے چھ ماہ میں قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اخترکیانی نے سی ڈی اے یونین لیڈر کے بیٹے چودھری شہزاد احمد سمیت 18 سی ڈی اے افسران کی اپ گریڈیشن ختم ہونے کے بعد کی گئی تنزلی کے خلاف درخواست کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے سی ڈی اے افسران کی تنزلی کے حکم نامے بورڈ کے فیصلے تک معطل کر دئیے ۔ عدالت نے فیصلہ میں کہا کہ اگر سی ڈی اے بورڈ مکمل نہیں ہے تو وفاقی حکومت سی ڈی اے بورڈ مکمل کرے ، سی ڈی اے بورڈ کے فیصلے تک افسران کی تنزلی کا حکم معطل رہے گا۔ عدالت نے سی ڈی اے افسران کی تنزلی کیخلاف تمام درخواستیں نمٹا دیں۔ واضح رہے کہ سی ڈی اے نے 43 افسران کی خلاف ضابطہ اپ گریڈیشن پر تنزلی کر دی تھی جس پر سی ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹرز نے تنزلی کو چیلنج کیا تھا۔ تنزلی سے متاثر ہونے والے سی ڈی اے افسران میں سی ڈی اے یونین لیڈر کے بیٹے چودھری شہزاد احمد ، ڈپٹی ڈائریکٹر لاءعطاءباری ارشد ، ایڈیشنل ڈائریکٹر عماد الدین ، ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر یاسر لطیف گل، محفوظ رضا، محمد رضوان، محمد رمضان سمیت دیگر افسران و ملازمین شامل ہیں۔