نجی ٹی وی چینل نے بیوروچیف کو فارغ اور جعفرمندوخیل سے معذرت کردی،ق لیگ

September 26, 2020

کوئٹہ( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگانے والے عناصر کا ہر سطح پر محاسبہ ہونا چاہیے تاکہ کوئی اس فورم کو اپنے مذموم مقاصد اور بلیک میلنگ یا پیسے بٹورنے کے لئے استعمال نہ کرسکے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر موجود ایک نجی ٹی وی چینل کے بیورو چیف نے مسلم لیگ بلوچستان کے صوبائی صدر اور سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل کے خلاف ایک سازش کے تحت کرپشن کی جھوٹی اور من گھڑت خبروں کو ریلیز کیا تھا جس میں حقیقت سے ان الزامات کا دور تک کوئی واسطہ ہی نہیں تھا۔ جس پر ایکشن لیتے ہوئے شیخ جعفر خان مندوخیل نے سائبر کرائمز ایف آئی اے میں نیوز چینل اور ان کے بیورو چیف کے خلاف باقاعدہ کارروائی کے لئے درخواست دائر کی۔ جس پر اس نیوز چینل کے مالکان نے باقاعدہ معذرت کی کہ ہمارے بیورو چیف نے ایک جھوٹی خبر ادارے سے چلوا کر آپ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔مالکان نے جعفر خان مندوخیل سے کہا کہ ادارہ نے بیورو چیف سمیت تمام دیگر رپورٹرز کو بھی چینل سے فارغ کردیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ شیخ جعفر خان مندوخیل بلوچستان کی وہ سیاسی شخصیت ہیںجن کا دامن ہمیشہ سے صاف و شفاف رہا ہے اور آج تک انہوں نے تیس سالہ پارلیمانی دور میں کوئی کرپشن نہیں کی۔