برطانیہ میں کورونا پھیلاؤ میں تیزی، ٹیسٹ کی شرح میں اضافہ کا فیصلہ

September 27, 2020

راچڈیل (نمائندہ جنگ)برطانیہ میں کورونا وائر س کے انفیکشن میں ایک بار پھر تیزی کے ساتھ پھیلائو کے بعد حکومت نے ٹیسٹوں کی شرح میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، کیمیکلز اور تجزیہ کارمشینوں کی قلت کے باعث ٹیسٹوں میں تاخیر کا سامنا ہو رہا ہے، وزیر اعظم بورس جانسن نے اکتوبر کے اختتام تک 2لاکھ60ہزار سے کی موجودہ صلاحیت کو دو گنا بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، موسم سرما سے قبل ٹیسٹ کیلئے دستیاب وسائل کو بڑھانے کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاہم تجزیہ کار مشینری کی تیاری میں مسائل کا سامنا بھی بڑی مشکل ہوگا،ٹیسٹ اینڈ ٹریس پروگرام کے سربراہ بیرونس ڈیڈوہارڈنگ نے انکشاف کیا ہے کہ طلب استعداد سے چار گنا زیادہ ہے ٹیسٹ کیلئے وسائل بڑھانا اہم ترین ضرورت ہے، معروف تنظیم بیوڈا کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیلن ڈینٹ نے متنبہ کیا ہے کہ صلاحیت میں کمی سنگین مسائل کا جنم دے سکتی ہے، ٹیسٹوں کی استعداد کو بڑھاکر بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں حکومت ہسپتالوں میں ٹیسٹوں کی سہولت کو بڑھانے کیلئے این ایچ ایس ٹرسٹوں کے ذریعے پانچ سو ملین پائونڈ کی سرمایہ کار ی کر رہی ہے جس سے ٹیسٹوں کی گنجائش کو دو گنا تک بڑھانے میں مدد ملے گی 300 سے زائد مشینیں آرڈرز پر ہیں مذکورہ مشینوں سے ٹیسٹوں کی روزانہ کی صلاحیت کو ساٹھ سے بڑھ کر 90ہزار تک روزانہ کیا جا سکے گا اکتوبر کے اختتام پر جانچ کی صلاحیت کو بڑھا کر روزانہ پانچ لاکھ ٹیسٹ کرنے کیلئے بھر پور جدوجہد کی جا رہی ہے ۔