لاک ڈائون میں استعمال نہ ہونے والے وائوچرز سے شاپرز کے 100 ملین پونڈ ضائع

September 28, 2020

لندن ( پی اے ) کنزیومر گروپ وچ کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق کورونا وائرس کوویڈ 19 لاک ڈائون کے دوران یو کے شاپرز کے استعمال نہ کئے جانے والے تقریبا 100 ملین پونڈ کے وائوچرز ضائع ہو سکتے ہیں۔ 2000 افراد سے کئے گئے سروے میں یہ سامنے آیا کہ ایک چوتھائی افراد کے پاس ایسے وائوچرز موجود ہیں جو لاک ڈائون کے دوران ایکسپائر ہوگئے۔ بہت سے ریٹیلرز نے کسٹمرز سے رابطہ کیا اور انہیں توسیع کرنے کی پیش کش کی لیکن ایک تہائی افراد ’جن کے وائوچرز ایکسپائر ہو چکے تھے‘ کو توسیع نہیں مل سکی اور ان کا پیسہ ضائع ہوگیا۔ کنزیو گروپ وچ نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ جو اپنے وائوچرز کو استعمال کرنے سے قاصر رہے ہیں وہ دکان سے رابطہ کریں۔ کنزیومر گروپ نے لوگوں کو نئے وائوچرز خریدنے کے خطرات کے حوالے سے بھی متنبہ کیا کیونکہ کچھ معروف ریٹیلرز حال ہی میں دیوالیہ ہو گئے اور گروپ نے مزید کہا کہ کورونا وائرس لاک ڈائون کی نئی پابندیوں کی وجہ سے ان وائوچرز کو استعمال کرنا ناصرف مشکل بلکہ نا ممکن ہو سکتا ہے۔ کورونا وائرس کوویڈ 19 کے پھیلائو سے نمٹنے کیلئے حکومتی حکمت عملی کے حصے کے طور پر مارچ میں کئی ماہ کیلئے غیر ضروری دکانیں اور بزنسز بند کر دیئے گئے تھے۔ اس صورتحال کی وجہ سے بہت سی شاپس نے از خود ان وائوچرز کے استعمال کے دورانیے میں توسیع کر دی تھی اور اس کے ساتھ ہی ان کی واپسی کیلئے دورانیہ بھی بڑھا دیا تھا ۔ اگست میں کیے جانے والے ایک سروے میں کنزیومر گروپ وچ کو پتہ چلا تھا کہ تقریباً نصف افراد جن کے پاس میعاد ختم ہونے والے وائوچرز تھے ان میں آٹومیٹک توسیع کر دی گئی تھی۔ سروے کے مطابق سات میں سے ایک یعنی 15 فیصد افراد نے اپنے وائوچرز کی مدت میں توسیع کرنے کیلئے درخواست کی جبکہ ایک کسٹمر نے وچ کو بتایا کہ اسے کمپنی نے کہا کہ بنیادی طور پر آپ بد قسمت رہے۔ وچ نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق 36 فیصد جو کہ 3.1 ملین افراد بنتے ہیں کو ان کے شاپنگ وائوچرز میں کوئی توسیع نہیں مل سکی ۔ وچ کا کہنا ہے کہ استعمال نہ کیے جانے والے وائوچرز کی اوسط مالیت 31.70 پونڈ ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ پورے برطانیہ میں 98 ملین پونڈ ضائع ہو گئے۔ کنزیومر گروپ نے لاک ڈائون کے دوران استعمال نہ کیے جانے والے وائوچرز رکھنے والے کسی بھی شخص سے کہا ہے کہ وہ ریٹیلرز سے رابطہ کرے ۔