آٹا ڈیلروں کو آٹے کی ترسیل بلا تعطل جاری ہے‘ محکمہ خوراک

September 29, 2020

پشاور( وقائع نگار) محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ آٹا ڈیلروں کو آٹے کی ترسیل بلا تعطل جاری ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر نانبائیوں کو 85 کلو گرام کے 936 آٹے کے تھیلے فراہم کئے جاتے ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم فلور ملوں کے دورے کئے اور آٹے کی ترسیل اور سرکاری کوٹے کے تحت آٹے کی فراہمی کے عمل کا معائنہ کیا اور مختلف فلور ملوں سے آٹے کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری ارسال کردیئے جبکہ محکمہ خوراک کے افسران نے فلور ملز مالکان کو ہدایت کی کہ وہ آٹا ڈیلروں‘ نانبائیوں اور شہریوں کو سرکاری کوٹے کے تحت بلا تعطل آٹے کی ترسیل کو یقینی بنائیں جبکہ اس کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایات کے مطابق نانبائیوں کے صدور کو کوٹے کے تحت آٹے کی ترسیل جاری ہے جبکہ محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹرز روزانہ کی بنیاد پر آٹا ڈیلروں کو چیک کرنے سمیت آٹے کی ترسیل کو یقینی بناتے ہیں جس کا باقاعدہ رپورٹ مرتب کیا جاتا ہے جبکہ بلیک میں فروخت اور ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کے کوٹے معطل کرنے سمیت ان کو جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور آٹے کی بلا تعطل ترسیل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔