سی سی پی او لاہور نے جرائم پیشہ افراد کا ریکارڈ مکمل کرنے کا حکم دیدیا

September 30, 2020

سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے 15 اکتوبر تک جرائم پیشہ افراد کا ریکارڈ مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار اور ٹیکنالوجی بیسڈ بنایا جارہا ہے۔

لاہورکے سی سی پی او عمر شیخ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ کریمنل ریکارڈ آفس کو نادرا ریکارڈ آفس کی طرز پر بنایا جارہا ہے، ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم سے ٹاؤٹ مافیا کےخلاف کارروائی میں آسانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ریکارڈ محفوظ ہونے سے کوئی ملزم قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکے گا، کریمنل ریکارڈ آفس میں چھوٹے، بڑےتمام جرائم میں ملوث ملزمان کا ریکارڈ محفوظ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عمر شیخ کا کہنا تھا کہ نیویارک جیسی پولیس بنانے کیلئے کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اہم سنگِ میل ہے۔