روٹی کی نئی قیمتوں کیخلاف درخواست، ڈی سی اسلام آباد و ایڈووکیٹ جنرل طلب

May 08, 2024

—فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں نان اور روٹی کی قیمتوں کے نئے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کر کے 10 مئی کو طلب کر لیا۔

عدالتِ عالیہ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نانبائی ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نوٹیفکیشن آج ہی معطل کر کے حکمِ امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سوال کیا کہ تندور مالکان کتنے روپے میں روٹی بیچنا چاہ رہے ہیں؟ گندم کی قیمت میں کمی ہوئی تو پھر کیا مسئلہ ہے؟

نان بائی ایسوسی ایشن کے وکیل بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے جواب دیا کہ اسلام آباد میں تلہ گنگ، چکوال اور اٹک کی قیمتوں پر نان روٹی نہیں بیچی جا سکتی، نئے نوٹیفکیشن میں 100 گرام کی روٹی کی قیمت 16 روپے ہے، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہم آج بھی بیٹھنے کو تیار ہیں وہ ہم سے بات تو کریں، ایک روٹی ہمیں تقریباً 21 روپے میں پڑ رہی ہے مگر ہم 20 روپے میں بھی بیچنے کو تیار ہیں، انتظامیہ نے انا کا مسئلہ بنایا ہوا ہے، کل سے تقریباً 30 تندور سِیل کیے جا چکے ہیں۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ اسلام آباد میں اب تک کتنے مقدمات درج ہوئے ہیں؟

صدر نان بائی ایسوسی ایشن نے بتایا کہ مجھ پر 2 مقدمات ہیں، تقریباً 30 تندور سیل کیے گئے اور 60 لوگ گرفتار ہیں۔

نان بائی ایسوسی ایشن کے وکیل بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے کہا کہ سرکاری نرخ نامے کا نوٹیفکیشن آج تک پبلش نہیں ہوا مگر تندوروں کو سیل کیا جا رہا ہے، ایک نوٹیفیکیشن پہلے جاری ہوا جس پر اس عدالت نے حکمِ امتناع دیا تھا، عدالت کو بتایا کہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا، پھر میڈیا پر اس خبر کی تردید چلوائی گئی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نےراولپنڈی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد کے لیے بھی جاری کر دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کر کے سماعت جمعے تک کے لیے ملتوی کر دی۔

عدالتِ عالیہ نے حکمِ امتناع کی درخواست پر بھی جمعے کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔