پرامید ہوں، پاکستان کے عوام باہر نکلیں گے، شاہد خاقان

September 30, 2020

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وہ پُرامید ہیں پاکستان کے عوام باہر نکلیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دنیا میں آزادی بڑھ رہی ہے، پاکستان میں کم ہو رہی ہے، دنیا ترقی کر رہی ہے اور پاکستان زوال پذیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے لیے جگہ تنگ کی جارہی ہے، میڈیا کو دبایا جارہا ہے اور انسانی حقوق سلب کیے جارہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے موجودہ ملکی حالات کی وجہ 2018ء کے الیکشن کو قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری حکومت کی کمزوری اور بزدلی کا ثبوت ہے، چیئرمین نیب بتائیں کہ ن لیگی صدر کے وارنٹ گرفتاری کیوں جاری ہوئے؟

سابق وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف کا ٹرائل ہو رہا ہے تو گرفتاری بلاجواز ہے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تمام فیصلوں پر عمل کیا جائے گا۔

نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارا مشورہ ہے کہ میاں صاحب علاج کرا کر ہی پاکستان لوٹیں، باقی فیصلہ ان کا اپنا ہے۔