طوطے چڑیا گھر آنے والوں کے ساتھ بدزبانی کرنے لگے

September 30, 2020

آپ نے طوطے کو باتیں کرتے سنا ہی ہوگا، لیکن اب ایسے طوطے بھی سامنے آگئے جو لوگوں کے ساتھ بدزبانی کرنے لگے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایسے طوطے برطانیہ میں لِنکن شائر وائلڈ لائف پارک میں موجود تھے۔

پارک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ افریقہ سے لائے گئے یہ ’گرے پیرٹس‘ پارک میں لوگوں کی دلچسپی کے لیے رکھے گئے تھے جنھیں اب ہٹادیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ان طوطوں کو حال ہی میں چڑیا گھر میں لایا گیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ انھیں چڑیا گھر لانے کے بعد قرنطینہ کردیا گیا تھا تاہم بہت ہی قلیل وقت کے اندر انھوں نے ایک دوسرے اور پھر چڑیا گھر آنے والوں کو گالیاں دینا شروع ہوگئے۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ان میں سے کسی ایک کو گالیاں دینے کا فن معلوم تھا اور اسی نے دوسروں کو بھی یہ تیزی سے سکھا دیا۔

خیال رہے کہ طوطا وہ پرندہ ہے جو انسان کے سکھائے گئے الفاظ کو اپنی آواز میں دہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پارک کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ ہم ان معاملات میں کافی پریشان ہوگئے تھے اور ہمیں چڑیا گھر میں آنے والوں بالخصوص بچوں کی کافی فکر تھی۔

انھوں نے کہا کہ اسی پریشانی کے پیشِ نظر ان پرندوں کو پنجروں سے نکال دوسری جگہ منتقل کردیا گیا۔