وزیر اعظم عمران خان کا کورونا وائرس کا شکار ٹرمپ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

October 02, 2020


وزیراعظم عمران خان نے کورونا کوائرس میں مبتلا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنی معتمد خاص ہوپ ہکس کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اپنا اور اہلیہ کا کورونا وائرس ٹیسٹ کروایا تھا۔

صدر ٹرمپ اور اہلیہ کی کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آجانے کے بعد امریکی صدر اور انکی اہلیہ نے خود کو وائٹ ہاؤس میں ہی قرنطینہ کرلیا ہے ، جبکہ وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر کے مطابق صدر ٹرمپ اور انکی اہلیہ کی طبیعت بہتر ہے۔

ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ صدر ٹرمپ قرنطینہ کےدوران بغیرکسی تعطل کے صدارتی فرائض سرانجام دیں گے۔

دوسری جانب میلانیا ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ بہت سے امریکیوں کی طرح میں نے اور صدر ٹرمپ نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم بہتر محسوس کر رہے ہیں، جبکہ میں نے اپنی تمام مصروفیات ملتوی کر دی ہیں۔