امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدر ٹرمپ نے اپنا اور اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر کے مطابق صدر ٹرمپ اور انکی اہلیہ کی طبیعت بہتر ہے، یہ دونوں افراد وائٹ ہاؤس میں قرنطینہ کریں گے۔
ڈاکٹر نے مزید بتا یا کہ صدر ٹرمپ قرنطینہ کےدوران بغیرکسی تعطل کے صدارتی فرائض سرانجام دیں گے۔
میلانیا ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ بہت سے امریکیوں کی طرح میں نے اور صدر ٹرمپ نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بہتر محسوس کر رہے ہیں، جبکہ میں نے اپنی تمام مصروفیات ملتوی کر دی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنی معتمد خاص ہوپ ہکس کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اپنا اور اہلیہ کا کورونا وائرس ٹیسٹ کروایا تھا۔
امریکی صدر نے کورونا وائرس ٹیسٹ کروانے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا تھا، جبکہ ان کی اہلیہ میلانیا نے بھی خود کو قرنطینہ کیا ہوا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کی معتمد خاص ہوپ ہکس نے حال ہی میں متعدد بار صدر ٹرمپ کے ساتھ سفر کیا تھا، وہ کلیو لینڈ مباحثے سمیت کئی مواقع پر ٹرمپ کے ساتھ سفر کرچکی ہیں۔
اس سے قبل غیر ملکی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا تھا کہ معتمد خاص میں کورونا کی تشخیص کے بعد صدر ٹرمپ نے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ میں بھی کورونا ٹیسٹ کرایا ہے، اب رپورٹ کا انتظار ہے،نہیں معلوم مجھے کورونا ہے یا نہیں۔