مائیک پومپیو نے دورۂ ایشیاء مختصر کر دیا

October 04, 2020


امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے اپنا براعظم ایشیاء کا دورہ مختصر کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو رواں ہفتے اب صرف جاپان کا دورہ کریں گے، مائیک پومپیو کو جاپان کے بعد جنوبی کوریا اور منگولیا بھی جانا تھا۔

امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے اپنا ایشیاء کا دورہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کورونا وائرس کے باعث طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے مختصر کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا 2 روز قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

سانس میں تکلیف کے باعث امریکی صدر کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی طبیعت سے متعلق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ان کے لیے آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف مارک میڈوز کے مطابق صدر پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران انتہائی تشویش ناک صورتِ حال سے گزرے تاہم یہ واضح نہیں کہ صدر کی طبیعت مکمل بحال ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسپتال سے ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں تاہم کورونا سے ریکوری کے لیے آئندہ چند روز اصل امتحان ہے۔

ویڈیو بیان میں صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد انتخابی مہم میں واپس آئیں گے۔

ڈاکٹروں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو ہفتے کو بخار نہیں تھا، انہیں کورونا کے علاج کے لیے ریمڈیسویر دوا بھی دی گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کو جمعے کو اسپتال منتقل کرنے سے پہلے آکسیجن لگانا پڑی تھی۔