کورونا وائرس: ایران میں ریڈ الرٹ جاری، 26 صوبے ریڈ زون میں شامل

October 05, 2020

ایران میں عالمگیر وبا کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق ایران کے 31 میں سے 26 صوبوں کو کورونا خطرے کے پیش نظر ریڈزون میں شامل کردیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 3 ہزار 902 نئے کورونا مریض سامنے آئے جبکہ 235 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وبائی مرض کے عروج کے دنوں یعنیٰ جولائی کے بعد سب سے زیادہ 235 اموات 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ کی گئی ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق ایران میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 75 ہزار سے زائد ہے جبکہ اموات 27 ہزار سے بڑھ چکی ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات 10 لاکھ 44 ہزار سے زائد ہوچکی ہیں جبکہ اب تک 3 کروڑ 56 لاکھ سے زائد انسان اس وبائی مرض کا شکار ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس سے 2 کروڑ 78 لاکھ سے زائد لوگ صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 7 لاکھ 80 ہزار افراد میں فی الحال وائرس موجود ہے۔

وبائی مرض سے متاثرہ 5 بڑے ممالک میں امریکا، بھارت، برازیل، روس اور کولمبیا شامل ہیں جبکہ ایران متاثرین کے حوالے سے فی الحال 13ویں نمبر پر ہے۔