نجیب تراکئی کی موت پر کرکٹرز افسردہ

October 07, 2020

افغانستان کے صوبے ننگرہار میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افغان کرکٹر نجیب تراکئی کی موت پر دنیا بھر کے کرکٹرز نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے پیغامات شیئر کیے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’زندگی غیر متوقع چیز ہے، کرکٹر نجیب کی موت کی خبر افسوسناک اور حیران کُن ہے۔‘

انہوں نے اپنے پیغام میں نجیب کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اہل خانہ اور دوستوں کیلئے صبر اور استقامت کی دعا بھی کی۔

افغانستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان راشد خان نے بھی ساتھی کرکٹر کی اچانک موت پر افسردہ ہیں۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے اپنے پیغام میں دارِ فانی سے کوچ کرجانے والے کرکٹر نجیب کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اس طرح کسی بھی نوجوان کی موت کی خبر افسردہ کردیتی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جنید خان نے بھی دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے پیغام شیئر کیا۔

خیال رہے کہ 29 سالہ افغان کرکٹر نجیب تراکئی موت سے تین روز قبل خوفناک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد وہ 22 گھنٹے تک ہوش میں نہ آنے کی وجہ سے کوما میں چلے گئے تھے اور طبیعت نہ سنبھلنے پر گزشتہ روز اس دُنیا سے رخصت ہوگئے۔

افغانستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر نجیب تراکئی نے ایک ون ڈے اور 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں افغان ٹیم کی نمائندگی کی ہے جبکہ اُنہوں نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 21 کی اوسط سے 258 رنز اسکور کیے ہوئے ہیں۔