درآمدی گندم کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی

October 07, 2020


وفاقی حکومت کی ہدایت پر درآمد کی گئی گندم کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے اعلامیے کے مطابق پہلا جہاز 55 ہزار ٹن گندم لے کر پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی ہدایت پر مجموعی طور پر 15 لاکھ ٹن گندم درآمد کی گئی ہے۔

ٹی سی پی کے مطابق پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہونے والے پہلے جہاز میں 55 ہزار 125 ٹن گندم موجود ہے۔

ٹی سی پی حکام کے مطابق درآمدی گندم کا دوسرا جہاز 8 اکتوبر کو پورٹ قاسم پہنچے گا۔

گزشتہ روز ہونے والے کابینہ اجلاس میں مہنگائی میں اضافے پر وفاقی وزراء نے بھی احتجاج کیا تھا، جس پر وفاقی وزیر اسد عمر نے جواب دیتے ہوئے کہا تھاکہ گندم درآمد ہوتے ہی آٹا کی قیمت کم ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ 29 ستمبر کے کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے گندم درآمد ہونے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ گندم کی درآمد میں رکاوٹ برداشت نہیں ہوگی، آٹے کی قیمت کسی صورت بڑھنے نہیں دی جائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ گندم اور آٹے کی قیمت عام آدمی کی پہنچ میں لاکر رہیں گے، اس موقع پر انہوں نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ گندم کی درآمد میں تاخیر کا ذمے دار کون ہے؟