8 اکتوبر زلزلہ: تنہانہ چھوڑنے پر بین الاقوامی برادری کے احسان مند ہیں، راجہ فاروق حیدر

October 08, 2020

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کو آنے والے زلزلے میں ہمیں تنہا نہ چھوڑنے پر بین الاقوامی برادری کے احسان مند ہیں۔

آٹھ اکتوبر 2005 کے قیامت خیز زلزلے میں جدا ہونے والے افراد کے لیے مطفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں ایصال ثواب کے لیے دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

قدرتی آفت میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں 8 بجکر 52 منٹ پر سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، زلزلے کی یاد میں مرکزی تقریب سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر مظفرآباد کے یونیورسٹی کالج گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔

دوسری جانب مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ میں متاثرین کے مسائل حل نہ ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کیے جارہے ہیں۔

دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ تنہا نہ چھوڑنے پر بین الاقوامی برادری کے احسان مند ہیں، زلزلے میں دنیا بھر سے لوگ مدد کو پہنچے تھے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ 15 سال قبل آج کے دن چین، ترکی، سعودی عرب، کیوبا، امریکا سب ایک مقام پر اکھٹے ہو گئے تھے۔

آج کے دن کی مناسبت سے میرپور، راولاکوٹ، وادی نیلم، نکیال، باغ، کوٹلی، بھمبر سمیت دیگر شہروں میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں جبکہ شہداء کے لیے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔