بھارتی اداکار دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے

October 10, 2020

بھارت کی مراٹھی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اویناش کھرشکر اچانک دل کا دورہ پڑنے سے 68 برس کی عمر میں دارِ فانی سے کُوچ کرگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اویناش اپنے مزاحیہ کرداروں کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے۔ اُنہیں جمعرات کی صبح دل میں تکلیف ہونے پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

اداکار اویناش کھرشکر 1978 سے مراٹھی فلم انڈسٹری سے وابستہ تھے، انہوں نے کئی سپر ہٹ مراٹھی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں عالمگیر وبا کورونا وائرس میں مبتلا بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اشلاتا وبگاؤنکر 79 برس کی عمر میں چل بسیں، اداکارہ فلم کی شُوٹنگ کے دوران کورونا کا شکار ہوئیں تھیں۔

اداکارہ اشلاتا کی کچھ روز قبل فلم کی شوٹنگ کے دوران طبیعت خراب ہوئی تھی، انہوں نے اپنا کورونا وائرس ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی۔

کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد اسپتال میں زیر علاج اداکارہ کی طبیعت بگڑتی رہی اور کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے چار روز بعد دارِ فانی سے کوچ کرگئیں۔