• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکار عرفان خان انتقال کرگئے


بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کرگئے۔

عرفان خان کی معروف فلم ُپیکو‘ کے ڈائریکٹر شوجیت نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اداکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں ہمیشہ عرفان خان پر فخر رہے گا۔

عرفان خان کی گزشتہ روز طبیعت شدید ناساز ہوگئی تھی،  ممبئی میں موجود اداکار کو کوکیلابین اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کروا دیا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنی زندگی کی آخری سانسیں لی۔

عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے  ایان اور بابیل شامل ہیں۔

عرفان خان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں اداکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک مضبوط روح کا مالک شخص دار فانی سے کُوچ کرگیا۔


انتقال کے تصدیقی اعلامیے میں ترجمان نے عرفان خان کے 2018 میں کینسر سے لڑنے کے دوران لکھے گئے ایک نوٹ سے آغاز کیا جس میں عرفان خان نے لکھا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ میں ہار چکا ہوں۔

 ترجمان عرفان خان نے افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ’ آج یہ افسوسناک خبر ہم دے رہے ہیں کہ اب عرفان خان ہمارے ساتھ نہیں ہیں۔ عرفان ایک مضبوط شخص تھے جو آخر تک لڑتے رہے اور ہمت نہ ہاری۔‘

عرفان خان ہمیشہ اپنے قریب آنے والوں کے لیے متاثر کن رہے اور ہمیشہ درپیش چیلنجوں کا مقابلہ ہمت و بہادری سے کرتے ہوئے اپنی زندگی کو جاری رکھا۔

عرفان خان نے اپنے کنبے سے ہمیشہ بہت پیار کیا ہے۔ ہم سب ان کی روح کے سلامتی کے لیے دعا گو ہیں۔

اس سے قبل عرفان خان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ اداکار کو کولون انفیکشن سے متاثر ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبیعت شدید بگڑ گئی جس کے باعث انہیں آئی سی یو منتقل کرنا پڑا۔

عرفان خان کے ترجمان نے ان کی طبیعت کی خرابی اور آئی سی یو میں زیر علاج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکار ڈاکٹروں کے زیر مشاہدہ ہیں، مداحوں کو ان کی طبیعت کے حوالے سے آگاہ کیا جاتا رہے گا۔



اداکار عرفان خان نے ہندی میڈیم، لنچ باکس، پیکو سمیت متعدد فلموں میں کام کیا، ہندی میڈیم میں انہوں نے پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔

عرفان خان نے اپنے فلمی کیریئر میں بالی ووڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کیا جن میں پیکو، مقبول، حاصل اور پن سنگ تومر جیسی کامیاب فلمیں بھی شامل ہیں۔

ان کی ہالی ووڈ فلموں میں لائف آف پائی، جراسک ورلڈ، سلم ڈاگ ملینیئر اور دی ایمزنگ اسپائیڈرمین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ عرفان کی والدہ تین روز قبل بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جےپور میں انتقال کرگئیں تھیں، ملک گیر لاک ڈاؤن ہونے کے باعث عرفان خان نے والدہ کے جنازے میں ویڈیو کانفرنس کال کے ذریعے شرکت کی تھی۔

یاد رہے کہ عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ کینسر کے علاج کے لیے لندن منتقل ہوگئے تھے۔

Geo Ramadan # Ramadan Recipes # Ramadan Calendar#

تازہ ترین