• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا میں مبتلا بھارتی سینئر اداکارہ چل بسیں

عالمگیر وبا کورونا وائرس میں مبتلا بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اشلاتا وبگاؤنکر 79 برس کی عمر میں چل بسیں، اداکارہ فلم کی شُوٹنگ کے دوران کورونا کا شکار ہوئیں تھیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ اشلاتا کی کچھ روز قبل فلم کی شوٹنگ کے دوران طبیعت خراب ہوئی تھی، انہوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی۔

کورونا کی تشخیص کے بعد اسپتال میں زیر علاج اداکارہ کی طبیعت بگڑتی رہی اور کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے چار روز بعد دارِ فانی سے کوچ کرگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ میں کورونا کی تشخیص کے بعد فلم کی شوٹنگ کے موقع پر موجود عملے کے 20 سے زائد افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا، جو مثبت آیا۔

اداکارہ نے بالی ووڈ کی مشہور زمانہ فلم ’زنجیر‘ میں اداکار امیتابھ بچن کی سوتیلی ماں کا کردار ادا کیا تھا جس کے بعد انہیں بے انتہاء شہرت حاصل ہوئی تھی۔

79 سالہ اشلاتا مراٹھی نے متعدد مشہور و معروف بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں آہستہ آہستہ، وہ سات دن، انکش، نمک حلال، شوقین اور دیگر شامل ہیں۔

اداکار انیل کپور نے اشلاتا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے فلم ’وہ 7 دن‘ میں اس اشلاتا جی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جو میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں شوبز اور سیاست سمیت ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ عالمگیر وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔

اس سے قبل بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی آرادھیا کورونا میں مبتلا ہوئی تھیں جب کہ بالی وڈ سپر اسٹار دلیپ کمار کے دو بھائی کورونا کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔

تازہ ترین