شام کے جنگلات میں آگ سے تباہی، لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی

October 10, 2020

شام کے شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں پھیلے جنگل میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث تباہ کاریاں جاری ہیں۔

شامی حکومت میں وزیر زراعت محمد حسان قطنا کے مطابق 70 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث جنگلات میں لگی آگ مغربی صوبے اور علاقے طرطوس، حمص، حماہ اور لاذقیہ کے دیہاتی علاقوں میں تیزی سے پھیل گئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ درجنوں دیہات کو خالی کروادیا گیا ہے، شہریوں کو محفوظ مقامات میں منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیر زراعت نے کہا کہ اس دوران فائربریگیڈز، فوج اور سکیورٹی اداروں کے مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہے۔

آگ کے باعث زرعی محصولات، گھروں اور فیکٹریوں و دیگر تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا، لاذقیہ صوبہ کے شہر قرداحہ کی پہاڑی جنگلات میں لگی آگ نے متعدد صنعتی تنصیبات کو تباہ کردیا۔

دوسری جانب آگ کے شعلے روسی فوج کے زیرِ استعمال فوجی اڈہ حمیمیم کے قریب پہنچ چکی ہے، تاہم روسی فوج جنگی طیاروں کی مدد سے آگ کو روکنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

وزیر زراعت محمد حسان قطنا نے جنگلاتی آگ کا الزام مزارعین پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ 72 فیصد آگ کے ذمہ دار مزارع ہیں جو سوکھی جھاڑیوں کو تلف کرنے کے لیے انھیں نذرآتش کرتے ہیں۔