ٹرمپ کی صدارتی مہم میں مجھ سے منسوب اشتہار گمراہ کن ہے، ڈاکٹر فائوچی

October 14, 2020

واشنگٹن(این این آئی )امریکا کے نیشنل انسٹیٹوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشیس ڈیزیزز کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے نومبر میں ہونے والے انتخابات کے لیے صدر ٹرمپ کی صدارتی مہم میں خود سے منسوب بیان کو گمراہ کن قرار دے دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے دوران چلنے والے ایک اشتہار میں دکھایا گیا کہ ڈاکٹر انتھونی فائوچی کہہ رہے ہیں میں تصور بھی نہیں کر سکتا کہ کوئی کووڈ 19 کے خلاف جنگ کے لیے اس قدر زیادہ بھی کر سکتا ہے، اشتہار میں ایسا دکھایا گیا کہ جیسے ڈاکٹر فائوچی یہ بیان صدر ٹرمپ کے لیے دے رہے ہیں۔اس 30 سیکنڈ کے اشتہار میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور امریکا کورونا سے صحتیاب ہو کر آ رہے ہیں۔تاہم ڈاکٹر فائوچی نے صدارتی مہم کے دوران خود سے منسوب بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے 50 سالہ کیرئیر کے دوران میں نے کبھی عوامی سطح پر کسی سیاستدان کی تائید نہیں کی۔ڈاکٹر فائوچی کا جو بیان صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران بطور اشتہار چلایا جا رہا ہے وہ دراصل ان کے امریکی ٹی وی کو رواں برس مارچ میں لیے گئے ایک انٹرویو سے لیا گیا ۔امریکی ماہر امراض کا کہنا تجا کہ صدر ٹرمپ کی صدارتی مہم میں مجھ سے منسوب بیان میری اجازت کے بغیر اور سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے، یہ بیان میں نے کئی ماہ پہلے فیڈرل پبلک ہیلتھ آفیشلز کی کاوشوں کے حوالے سے دیا تھا۔دوسری جانب صدر ٹرمپ کے ترجمان ٹم مورتاگ کا کہنا تھا کہ یہ ڈاکٹر فائوچی کے ہی الفاظ ہیں جو انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہے تھے۔