کارنر میٹنگ سے پہلے پولیس کا چھاپہ، قمر زمان تھانے پہنچ گئے

October 14, 2020

منڈی بہاء الدین میں پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کی سابق ایم پی اے آصف بھاگٹ کے گھر منعقد ہونے والی کارنر میٹنگ سے پولیس نے چھاپا مارکر آصف بھاگٹ کے ملازم کو حراست میں لے لیا، جس کے بعد پی پی رہنما قمر زمان کائرہ کارکنوں کے ہمراہ تھانہ بھاگٹ پہنچ گئے۔

سابق ایم پی اے آصف بھاگٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ کارنرمیٹنگ سے قبل پولیس نے گھر پر چھاپا مارا اور گھریلو ملازم کو حراست میں لے لیا ہے ۔

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے تھانہ بھاگٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں کی اجازت دے کر کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، تشدد کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہتے، لیکن کارکنوں کی تذلیل برداشت نہیں کرسکتے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمارے گھر سے بندہ اٹھایا گیا ہے، اغوا کا مقدمہ درج کروائیں گے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ ہم تھانے میں کھڑے ہیں، جس نے گرفتار کرنا ہے کرلے۔

دوسری طرف ڈی ایس پی پھالیہ نے کہا کہ پولیس نے کسی کو گرفتار نہیں کیا۔