مقبوضہ کشمیر: بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری، 2 کشمیری نوجوان شہید

October 14, 2020

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری ہے، جہاں قابض فورسز نے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید اور ایک بزرگ کو زخمی کردیا۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی قابض فوج نے چکورہ کے علاقے میں نام نہاد محاصرے، گھر گھر تلاشی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔

دوسری جانب گندربل میں بھارتی فوجی گاڑی نے بزرگ کشمیری کو جان بوجھ کر ٹکر ماردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔

بھارتی فوج کی گاڑی دونوں کشمیریوں کو ٹکر مار کر موقع سے فرار ہوگئی، زخمی کشمیری کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا اور بھارت مخالف نعرے لگائے۔

مظاہرین نے واقعے کی تحقیقات اور فوجی گاڑی کے ڈرائیور کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔