پی پی کے صوبائی وزیر سہیل انور سیال نیب دفتر میں پیش، تحریری جواب جمع کرادیا

October 15, 2020

سکھر (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر سہیل انور سیال نیب کی جانب سے طلب کئے جانے پر پیش ہوگئے، آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزامات پر تحریری جواب جمع کرادیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) سکھر کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں طلب کیے جانے پر صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال نیب کے دفتر میں پیش ہوئے، جہاں نیب افسران نے ان سے سوالات کئے، جن کا صوبائی وزیر نے تحریری جواب جمع کرایا۔ نیب دفتر میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال نے کہا کہ مجھ پر جو الزمات لگائے گئے ہیں وہ میرے سیاسی مخالفین نے لگائے ہیں، واضح طور پر جس چیز کا ذکر کیا جارہا ہے وہ میرے والد صاحب پہلے ہی ڈکلیئر کرچکے ہیں، مجھ پر جو الزامات لگائے جارہے ہیں ان کو وقت جھوٹا ثابت کرے گا، نیب کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے وہ جب بھی مجھے بلائیں گے میں پیش ہوں گا، ہم اپنی قیادت کے حکم پر اپنے اوپر لگنے والے ہر الزام کا جواب دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس سنگل پن بھی آؤٹ آف ایف بی آر نہیں ہے، میرے پاس نیب کے ہرسوال کا جواب موجود ہے، اس وقت ملک میں سیاسی ماحول گرم ہے۔