ماں کو بچانے کیلئے 5 سالہ بچہ مسلح افراد پر ٹوٹ پڑا

October 15, 2020

امریکی ریاست انڈیانا میں ایک پانچ سالہ بچے نے ماں کی حفاظت کی خاطر مسلح افراد پر حملہ آور ہوکر دلیری کی نئی مثال قائم کردی ہے۔

ساوتھ بینڈ پولیس انڈیانا نے بچے کی دلیری و بہادری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھر میں موجود خاتون کپڑے استری کررہی ہے کہ اچانک چار مسلح افراد گھر میں زبردستی داخل ہوجاتے ہیں خاتون کو اسلحے کے زور پردھمکاتے ہوئے دوسری جانب لے جاتے ہیں۔

اسلحے سے لیس شخص کو والدہ پر اسلحہ تانے دیکھ کر پانچ سالہ ڈیوڈ سے رہا نہ گیا اور اس نے اپنے کھلونوں سے مسلح شخص پر مسلسل وار کرنا شروع کردئیے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کارروائی کے بعد بغیر کسی کو زخمی کیے گھر سے نکل گئے لیکن جس طرح ڈیوڈ نامی بچے نےاپنےاہلخانہ کی حفاظت کی وہ یقیناً قابل ستائش ہے۔