کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی، میٹرو پولیٹن پولیس لندن کا شادی ہال پر چھاپہ، 10 ہزار پونڈ جرمانہ کا امکان

October 18, 2020

لندن (وجاہت علی خان) کورونا وائرس پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر میٹرو پولیٹن پولیس نے مشرقی لندن کے علاقہ سائوتھ آل کے ایک شادی ہال پر چھاپہ مارا ہے، جہاں پولیس کے مطابق 100 سے زیادہ افراد اکٹھا تھے۔ تفصیلات کے مطابق پرانے سائوتھ آل میں ٹیوڈر روز‘‘ نامی ایک نائٹ کلب اور شادی ہال میں شادی کی تقریبات جاری تھیں، اسی دوران پولیس نے باڈی پر لگے کیمرہ سے تقریب کی فوٹیج بنائی اور شادی کی تقریب ختم کرنے کے لیے انتظامیہ پر زور دیا، پولیس ذرائع کے مطابق کورونا وائرس ضابطے کے مطابق شادی کی تقریب میں15افراد سے زیادہ لوگ نہیں ہونے چاہئیں لیکن یہاں100سے زیادہ افراد جمع تھے جو کورونا ’’ایس او پیز‘‘ کی کھلی خلاف ورزی ہے، پولیس کے ایریا کمانڈر پیٹر گارڈنر کے مطابق یہ ضوبط کی ایک خطرناک اور بے وقوفی کی حد تک خلاف ورزی تھی کیونکہ یہ ضابطے عوام کو مہلک وائرس سے بچانے کے لیے بنائے گئے ہیں، یہ پابندیاں مہینوں سے عائد ہیں، چانچہ انتظامیہ کے پاس اس خلاف ورزی کے عذر کا کوئی جواب نہیں ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ہال کے مالک کی طرف سے کسی قسم کی قواعد و ضوابط کی پابندی کا کوئی ثبوت نہیں ملا، اس لیے اسے10,000پائونڈ جرمانہ ممکنہ طور پر ہوگا، علاوہ ازیں ’’جنگ‘‘ کی تفتیش کے مطابق ہال کے مالک کو جرمانہ نہیں کیا گیا بلکہ وارننگ دی گئی ہے، ہال کی منیجر مسز جیمز کے مطابق ہمارے پاس دو بڑے ہال ہیں جہاں300افراد کے لیے جگہ موجود ہے، ان کے مطابق پولیس کا یہ کہنا غلط ہے کہ اس وقت یہاں 100لوگ موجود تھے، مسز جیمز کا کہنا ہے کہ اس وقت جب پولیس نے چھاپہ مارا، ہمارے ہاں دو شادیاں ہورہی تھیں لیکن پھر بھی100لوگ نہیں تھے اور ہم نے کورونا ’’ایس او پیز‘‘ کی بھی پوری پابندی کی تھی، انہوں نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ گزشتہ چھ مہینےسے ریستوران اور ہالز بند ہیں، ہم نے اپنے خرچے بھی پورے کرنے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں ’’ایس او پیز‘‘ کی پابندیوں کے ساتھ کاروبار کی اجازت دی جائے، مسز جیمز کا کہنا ہے کہ10ہزار پائونڈ جرمانہ نہیں کیا گیا صرف جرمانہ ہوسکنے کی بات کی گئی ہے۔