کراچی سے آپریٹ بین الاقوامی پورن ویب سائٹ کے بڑے گروہ کا سراغ

October 18, 2020


کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کراچی سے آپریٹ ہونے والی ایک بین الاقوامی پورن ویب سائٹ کے بڑے گروہ کا سراغ لگاتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

کراچی میں ورچوئل کرنسی کے نام پر خواتین کو غیر اخلاقی کاموں میں استعمال کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق خواتین کو ایپلیکیشن کے ذریعے بین الاقوامی کلائنٹس سے ملوایا جاتا، غیر اخلاقی ویڈیو کالنگ خواتین کو کرنسی کے نام پر ڈائمنڈ دیے جاتے۔

خواتین جتنے زیادہ ڈائمنڈ حاصل کرتیں اتنی زیادہ انہیں تنخواہ دی جاتی،ایف آئی اے کے مطابق کچھ لڑکیوں سے ابتدائی طور پر یہ کام کرانے کے بعد ان سے زبردستی غیر اخلاقی کام بھی کرائے گئے یہ گروپ کی صورت میں کام کرنے والا نیٹ ورک ہے۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ یہ ایپلیکیشن رمشا نامی خاتون کی ملکیت ہے جس میں فضل قادر نامی شخص اس کا پارٹنر ہے،خواتین کو بھرتی کرنے کے لیے یہ گروپ باقاعدہ طور پر اخبار میں اشتہارات بھی دیتا تھا، جس میں چالیس ہزار تک تنخواہ کا جھانسہ دیا جاتا تھا۔

خواتین کو گھر بیٹھے پارٹ ٹائم میں جاب کرنے کی آفر کی جاتی تھی، اس گروپ کے 35 سے زائد ممبر پاکستان بھر میں کام کر رہے ہیں، ہر چار لاکھ ڈائمنڈ حاصل کرنے پر پاکستانی 7000 روپے خواتین کو دیے جاتے۔

متاثرہ خاتون کی نشاندہی پر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نےگلشن اقبال کے علاقے میں فلیٹ پر چھاپہ مار کر مرکزی ملزم فضل قادر کو گرفتار کر لیا، دفتر سے نو موبائل فون کمپیوٹر اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائس تحویل میں لے لی گئی۔

برآمد ہونے والے الیکٹرانک ڈیوائس سے غیر اخلاقی ویڈیوز اور لڑکیوں کا ڈیٹا ملا ہے، اسٹریم کر ایپلیکیشن کی مالک رمشا سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ایف آئی اے حکام کے مطابق مقدمہ میں نامزددو خواتین کی گرفتاری کے لیئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔