نوازشریف کی تقریر مودی کا بیانیہ ہے‘سیاسی و عسکری مبصرین

October 20, 2020

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)اسلام آباد کے سیاسی و عسکری مبصرین نے بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کی پاک فوج اور اس کے عہدیداروں کیخلاف تقار یر کوبھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا بیانیہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم بخوبی آگاہ ہے کہ مسلح افواج کو اس وقت حالات جنگ کا سامنا ہے۔

بھارتی سیکورٹی فورسز آئے روز لائن آف کنٹرول پر سرحدی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کرکے اشتعال انگیزیاں کررہی ہیں،ایسے حالات میں سابق وزیراعظم نواز شریف کاقومی سلامتی کے ضامن اداروں کے سربراہان کیخلاف دشنام طرازی کرنا کھلی ملک دشمنی کے مترادف ہے جس کاحکومت اوراعلیٰ عدلیہ کوفوری نوٹس لیکر ملک کے قوانین کے مطابق کارروائی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک سے خطرناک بیماری کے علاج کےلئے لندن جانیوالے سزایافتہ نواز شریف نے اپنی بداعمالیوں اور جرائم کے تحفظ کےلئے ملکی اداروں کو بلیک میل کرنے کےلئے پی ڈی ایم تشکیل دیکرخطرناک سیاسی کھیل شروع کردیا ہے جبکہ پی ڈی ایم خود چوروں اور سیاسی ٹھگوں کا ایک ٹولہ ہے۔ نواز شریف کا گوجرانوالہ کے جلسے میں ویڈیو لنک خطاب میں پاک فوج کے سربراہ کو نام لیکربار بار للکارنا انتہائی ناقابل قبول سیاسی سلسلہ ہے جس کا سختی سے فوری سدباب نہ کیا گیا تو ملک میں انارکی پھیلنے کے خدشات بڑھتے چلے جائیں گے، اس لیے دانشمندی کا تقاضا ہے کہ غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر چلنے اورمودی کی زبان بولنے والے نواز شریف کی ملک دشمن سرگرمیوں کا سختی سے قلع قمع کیا جائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ روز بابائے قوم کے مزار کے احاطہ میں نواز شریف کے داماد نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سیاسی نعرہ بازی کرتے ہوئے بابائے قوم کے مزار کے وقار اور تقدس کو پامال کیا جوکہ انتہائی شرمناک طرز عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بابائے قوم کے مزار کی حرمت پامال کرنے کے تحت گرفتاری کے بعد کیپٹن صفدر کی ضمانت پر رہائی کے بعد فوج کیخلاف اشتعال انگیز نعرہ بازی سے بھی ثابت ہوگیا ہے کہ نواز شریف مریم نواز اور کیپٹن صفدر وغیرہ ملک کی عسکری قیادت کے صبروتحمل سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں اور جان بوجھ کر ملک میں حالات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے ملک کی اعلیٰ عدلیہ اور وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ وہ نواز شریف کے فتنے کو بڑھنے سے روکنے کےلئے آئین و قانون کے مطابق سخت گیر عملی اقدامات کریں تاکہ اس فتنے کو بڑھنے سے روکا جاسکے۔