جماعت اسلامی غریب عوام کی آواز ،انکے حق کیلئے آواز بلند کریگی، اسد بھٹو

October 20, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر و سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اپوزیشن ایک طرف قانون سازی میں حکومت کا ساتھ دیتی ہے اور دوسری طرف وہ اسی حکومت کو گرانے اور رخصت کرنے کی باتیں کرتی ہے ۔ عوام کے لئے ان کے پاس کوئی پروگرام نہیں ۔ یہ سب صرف اپنے مفادات کے لئے اکٹھی ہوئی ہے،جماعت اسلامی نے ان جماعتوں کے اسی کردار کی وجہ سے ان کا ساتھ دینے سے انکار کیا ہے ۔ دراصل پی ٹی آئی ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک پیج پر ہیں ۔ اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے کبھی ن لیگ کبھی پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والے آج کل پی ٹی آئی میں شامل ہیں کل کسی اور پارٹی میں ہوجائیں گے ۔ جماعت اسلامی عوام کی بات اور عوام کے لئے جدوجہد کررہی ہے جماعت اسلامی غریب عوام کی آواز بنے گی اور اس کے حق کے لئے آواز بلند کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ جعفرآباد کے دوران مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر صوبائی نائب امیر بشیر احمد ماندائی ، امیر ضلع جعفر آباد حاجی محمد امین بگٹی بھی موجود تھے قبل ازیں انہوں نے نومنتخب امیر ضلع حاجی محمد امین بگٹی سے سادہ تقریب میں ان کے عہدئے کا حلف بھی لیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر پلیٹ فارم پر عوام کی بات صرف جماعت اسلامی کررہی ہے ۔ جماعت اسلامی ہی قوم کو مسائل و مشکلات سے نجات دلاسکتی ہے۔