پاکستانی اداکار ’نیل پالش‘ لگا کر کیا کہنا چاہ رہے ہیں؟

October 20, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار اور کھیلوں سے وابستہ اہم شخصیات اپنے ہاتھوں پر ’نیل پالش‘ لگا کر بچوں پر ہونے والے جنسی تشدد کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آج کل سوشل میڈیا پر ایک ’دی پالشڈ مین‘ نامی بین الاقوامی مہم زور و شور سے جاری ہے جس کا مقصد حکومتوں اور عوام میں بچوں کے خلاف بڑھتے تشدد سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔


اس مہم میں ورسٹائل اداکار عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، بابر اعظم، شعیب ملک، شہراد رائے اور دیگر شامل ہیں، جنہوں نے اپنے ہاتھ کی ایک انگلی میں نیل پالش لگا کر اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچوں پر ہونے والے جنسی تشدد کے خلاف آواز بلند کی ہے۔



سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے پیغامات میں انشخصیات کا کہنا ہے کہ ہر سال پوری دنیا میں لاکھوں بچے کسی بالغ مرد کے ہاتھوں زیادتی کا نشانہ بنتے ہیں لیکن ایسا میرے ہوتے ہوئے نہیں ہو سکتا۔


وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، انہوں نے مختلف شخصیات کی تصاویر کواپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے مضبوط ترین مردوں میں سے ہیں لیکن اس برس پاکستان سے بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافے کے باعث پاکستان کے معروف اداکار اور کھلاڑی بھی اس میں حصہ لے رہے ہیں۔



واضح رہے کہ اس مہم کا آغاز آسٹریلیا سےسال 2014 میں ہوا تھا لیکن اب دنیا بھر کے مرد اور عورتیں ہر سال 1 سے 15 اکتوبر کے درمیان اپنی ایک انگلی کے ناخن پر نیل مالش لگا کر اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس آگاہی مہم کا حصہ بن رہے ہیں۔