ماں سے استدعا جرم ہے تو کرتے رہیں گے: کیپٹن ریٹائرڈ صفدر

October 20, 2020


سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے داماد، مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کہتے ہیں ماں سے استدعا کرنا جرم ہے تو کرتے رہیں گے۔

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا کہ ’’مادرِ ملت زندہ باد‘‘ تو اس میں کیا برائی ہے؟

انہوں نے کہا کہ ہر 18 اکتوبر کو مادرِملت کے مزار پر جا کر ’’مادرِ ملت زندہ باد‘‘ کے نعرے لگاؤں گا۔

مسلم لیگ نون کے رہنما کا کہنا ہے کہ مادرِ ملت اور نواز شریف کا پیغام لے کر چلا ہوں۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ ایف آئی آر کٹوانے والا خود قانون کو مطلوب ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس میرے دروازے کو نہیں توڑ سکتی تھی، یہ نالائق مجھے مزاروں کا ادب کیا سکھائیں گے۔