یشما گِل کتوں کو گولی مارنے والوں کیخلاف میدان میں آگئیں

October 20, 2020

ٹیلیویژن اداکارہ یشما گِل کتوں کو گولی مارنے کے خلاف میدان میں آگئیں۔

اداکارہ نے ایک طویل کیپشن کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ مقامی حکام کے دفتر میں موجود ہیں۔

ویڈیو میں اداکارہ آفس میں موجود افسران سے سوال کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں، اداکارہ نے روتے ہوئے پوچھا کہ میرے وہ کتے کہاں ہیں جن کو میں نے ویکسین کروائی تھی اور جن کی ذمہ داری میں نے لے رکھی تھی۔

اداکارہ کو ویڈیو میں کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ ’میں نے لاہور کے دو آوارہ کتوں کی ذمہ داری خود لی تھی اور ان کی باقاعدہ ویکسینیشن بھی کروائی تھی جس کا سرٹیفیکیٹ بھی میرے پاس موجود ہے۔‘

یشما گِل نے اپنی پوسٹ میں ویکسینیشن کارڈ اور کتوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے ایک ویڈیو بھی شیئر کی۔


اداکارہ نے کہا کہ ’ان کتوں کے حوالے سے میں مقامی حکام کے دفتر کو آگاہ بھی کرچکی ہوں کہ یہ دونوں کتے میرے پالتو ہیں اور کسی کے لیے خطرہ نہیں ہیں۔‘

اداکارہ نے اسٹاف پر برہم ہوتے ہوئے کہا کہ ’اسکے باوجود آپ نے کتے کو گولی مار دی جس پر اسٹاف ممبر وضاحت کررہا ہے کہ اس نے ایسا کچھ نہیں کیا، مجھ سے جو سینئر ڈیوٹی پر تھا اس سے بات کریں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ میرے بتانے کے باوجود میری غیر موجودگی میں مقامی حکام کے ملازمین کی جانب سے میرے دونوں پالتو کتوں کو گولیاں مار کے ماریا دیا گیا۔

یشما گِل نے کہا کہ میرے کتوں کو مارنے کی ذمہ داری لینے کے لیے کوئی بھی تیار نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقامی حکام کے مطابق اگر کوئی بھی کتا گھر سے باہر آیا تو اسے گولی مار دی جائے گی۔