’’پاکستان۔ افغانستان تجارت اور سرمایہ کاری فورم‘‘ کے موضوع پر سیمینار 26 اور 27 اکتوبر کو ہوگا

October 21, 2020

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کی میزبانی میں ’’پاکستان۔افغانستان تجارت اور سرمایہ کاری فورم‘‘ کے موضوع پر 26اور 27اکتوبر کو سیمینار منعقد ہونے جارہا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی دعوت پر افغان پارلیمنٹ کے (ولولسی) جرگہ کے سپیکر میر رحمان رحمانی کی سربراہی میں 17رکنی پارلیمانی وفد سیمینار میں شرکت کرے گا۔ افغانستان کے پارلیمانی وفد کا دورہ پاکستان سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں قائم پارلیمانی دوستی گروپوں کی ایگزیکٹو کمیٹی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جو دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے اور باہمی تجارت اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ایک فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ سیمینار میں پاکستان اور افغانستان کی سیاسی اور پارلیمانی قیادت کے علاوہ افغانستان کی تجارتی برادری کے نمائندے‘ پاکستان کے دانشور‘ ماہرین‘ معروف سرمایہ کار تاجر برادری‘ سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندے شرکت کریں گے۔ سیمینار کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ افتتاحی تقریب کے دوران افغان صدر اشرف غنی کا ویڈیو پیغام بھی ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔