محکمہ سربراہان کو ڈینگی بارے سرگرمیاں روزانہ چیک کرنیکی ہدایت

October 21, 2020

؏ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھا جائے،پرفارمنس بہتر نہ کرنے والے افسران کو نوٹس جاری کئے جائیں،بوگس سرگرمیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ رسپانس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔اجلاس میں تمام سرکاری محکموں کے افسران شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکموں کے سربراہ ڈینگی بارے سرگرمیوں کو روزانہ چیک کریں،ڈینگی سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھا جائے تاکہ صورتحال کنٹرول میں رہے،تمام ایشوز کو منظم رابطوں سے حل کیا جائے اور اس سلسلہ میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ انسداد ڈینگی بارے وزیر اعلیٰ پنجاب پورٹل کی پانچ شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے،مجموعی طور پر سرویلینس بہتر رہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والے اداروں اور ذمہ داروں کو نوٹس دئیے جارہے ہیں۔