گلشن دھماکے کے زخمی 3 نجی اور 2 سرکاری اسپتال لائے گئے، محکمہ صحت سندھ

October 21, 2020

محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 کی رہائشی عمارت میں ہونے والے پراسرار دھماکے کے زخمیوں اور لاشوں کو 3 نجی اور 2 سرکاری اسپتالوں میں لایا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق دھماکے کے 18 زخمی پٹیل اسپتال لائے گئے ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویش ناک ہے۔

گلشن اقبال دھماکے سے متعلق محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ایک زخمی دارالصحت اسپتال لایا گیا ، جبکہ واقعے کے 3 زخمی ماڈرن اسپتال یونیورسٹی روڈ میں زیر علاج ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق جناح اسپتال میں 3 زخمی زیرعلاج ہیں،عباسی شہید اسپتال میں 3 افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں اور3 زخمی زیر علاج ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق دھماکے میں مجموعی طور پر 5 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈی آئی جی کراچی ایسٹ نعمان صدیقی کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی پر واقع ایک رہائشی عمارت میں آج صبح سوا 9 بجے خوفناک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں رہائشی عمارت کے کارنر کے دو فلیٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکا فلیٹ میں ہوا تاہم نوعیت کا فوری طور پر علم نہیں ہو سکا جس کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں موقع پر معائنہ کر رہی ہیں۔