واپڈاملازمین کی نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی

October 22, 2020

پشاور(وقائع نگار )آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے مرکزی قائدین کی کال پر ملک بھر میں واپڈا ملازمین نے واپڈا کی نجکاری‘بھرتی میں غیر معمولی تاخیر‘پیسکومیں بجلی کے بڑھتے ہوئے المناک حادثات‘کنٹریکٹ وڈیلی ویجز ملازمین کی عدم مستقلی‘تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے عدم اضافہ اور مہنگائی‘بے روزگاری کے خلاف مرکزی و صوبائی چیئرمین حاجی محمد اقبال‘ سیکرٹری نورالامین حیدر زئی‘محمد حسین یوسفزئی‘نصیر اللہ مہمند‘ناصر خان‘یونس شاہ‘شفیع اللہ‘ لیاقت علی اور دیگر کی قیادت میں واپڈا کے ہزاروں ملازمین نے پیسکو ہیڈ کوارٹر شامی روڈ پشاور میں احتجاجی دھرنا دیا۔بعدازاں باچا خان چوک تک ریلی نکالی گئی ملازمین نے واپڈا کی نجکاری‘مہنگائی اوربے روزگاری کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی اس موقع پر صوبائی چیئرمین حاجی محمد اقبال‘سیکرٹری نورالامین حیدرزئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ ملک بھر کے واپڈا محنت کشں عالمی مالیاتی اداروں کے ناجائز دباؤ پر قومی مفاد عامہ واپڈا جیسے منافع بخش ادارے کی بندر بانٹ نہیں ہونے دینگے انہوں نے مزید کہا کہ ملک وقوم کے روشن مستقبل اور واپڈا کی مالی استحکام کیلئے ملک بھر کے جملہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو تحلیل کرکے ماضی کی طرح واپڈا میں ضم کیا جائے تاکہ غیر ضروری اخراجات پر قابو پا کر واپڈا کو ایک منافع بخش ادارہ بنایا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم عمران خان اپنا وعدہ پورا کرکے غریب عوام کو 50لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دلادیں۔ نہ کہ قومی اداروں کی پرائیویٹائزیشن کرکے غریب محنت کشوں کے بچوں کے منہ سے نوالہ چھین لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ کا ماڈل پیش کرنے والی اصلاحات اور تبدیلی کی دعویدار حکومت مہنگائی اوربے روزگاری کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا کر مہنگائی کے تناسب سے سرکاری و غیر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کریں۔پیسکو میں خالی آسامیوں پر فی الفور بھرتی شروع کرکے کنٹریکٹ و ڈیلی ویجز ملازمین کو ریگولر کیا جائے بصورت دیگر مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں 10نومبر کو ملک بھر میں ٹول ڈاؤن ہڑتال شروع کرنے سے گریز نہیں کیاجائیگا