پیرا شوٹ کے ذریعے اقتدار حاصل کرنےوالوں کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی،بی این پی

October 22, 2020

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا کوئٹہ میں منعقدہ جلسہ نئی تاریخ رقم کریگا ،اپوزیشن اتحاد نے پیرا شوٹ کے ذریعے اقتدار تک رسائی حاصل کرنے والوں کی صفوں میں کھلبلی مچادی ہے ۔پارٹی نے انفرادی جدوجہد کی بجائے اپنا حصہ پی ڈی ایم کی اجتماعی جدوجہد میں ڈالا ہے جس سے ہم اپنے سماج کو درپیش بحرانوں سے نکال کرترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کرسکیںگے، کارکن اور عوام 25 اکتوبر کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے جدوجہد میں تیزی لائیں ۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ، سابق نائب ناظم حاجی میر ولی محمد لہڑی ، بی این پی کوئٹہ کے نائب صدر ملک محی الدین لہڑی،اقبال بلوچ،سراج احمد لہڑی ، رضاء جان شاہی زئی ودیگر نے کلی نیک محمدسریاب روڈ پر پارٹی کے یونٹ سیکرٹریز، ڈپٹی یونٹ سیکرٹریز اور ضلعی کونسلران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رہنمائوں نے کہا کہ ملک میں سیاست دان ایجاد کرنے کی بجائے ملک میںسیاسی عمل کو پنپنے دیا جاتاتو آج عوام پسماندگی ، غربت ،پریشانی کا شکار اور دہشتگردی کے خوف میں مبتلا نہ ہوتے انتخابات میں جعل سازی ،جعلی نعروں اور دعوئوں کے سہارے ملکی نظام کو مزید مصنوعی طریقے سے نہیں چلایا جاسکتاملکی استحکام اور سلامتی کیلئے پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کرنا ہوگا۔انہوں نے جزائر پر قبضہ کی کوششوںکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور سندھ کے جزائز کو غیر آئینی طور پر اپنی ملکیت بنانے کے حکومتی آرڈیننس کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا صوبے کے ساحل ووسائل بلوچ قوم کی ملکیت ہیں۔ جس سے کسی صورت دستبرار نہیں ہوں گے ۔