مسلم ٹائون سب ڈویژن میں 8گھنٹے بجلی بندش، صارفین کا احتجاج

October 22, 2020

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) مسلم ٹائون سب ڈویژن میں بجلی 6سے 8گھنٹے کی یومیہ بندش صارفین کا مقدر بن گئی۔ 7سے زائد گنجان آباد یوسیز پر مشتمل سب ڈویژن میں مرمت کے نام پر ظالمانہ بجلی بندش پر شہریوں نے سب ڈویژنل آفس کے گھیرائو اور ایکسپریس وے کو بلاک کرنے کی دھمکی دیدی۔ صادق آباد کے لاکھوں صارفین کو محمد دین شہید اور خرم کالونی فیڈرز سے بجلی فراہم کی جاتی ہے تاہم علاقہ میں مینٹی ننس نظر نہیں آتی۔ بار بار توجہ دلانے کے باوجود میٹر تبدیل نہیں کئے جاتے جبکہ ہائی وولٹیج تار گھروں کو چھو کر گزرتے ہیں۔ متعلقہ ایکسین اور ایس ڈی او سے رابطہ کیا جائے تو اُنکے نمبر بھی اکثر بند ملتے ہیں‘ فون سننا تو دور حکام کمپلینٹ وصول کرنا بھی توہین سمجھتے ہیں۔ صارفین نے حکام سے ازخود علاقہ کا دورہ کرنے اور اصلاح احوال کی اپیل کی ہے۔