صوبوں میں افسروں کی بالادستی نہیں، حکومت غیرجمہوری ہے، فضل الرحمٰن

October 22, 2020

نواب شاہ ( بیورورپورٹ، جنگ نیوز)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ صوبوں میں افسروں کی بالادستی نہیں، حکومت غیر جمہوری ہے، عمران خان حکومت کے خاتمہ کے بعد بھی ہمارا اتحاد قائم رہے گا، ہم ملک میں موجودہ غیر اعلانیہ مارشل لاء کے خاتمہ اور حقیقی جمہوریت کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعہ صوبوں کو اختیار دئیے گئے تھے ہم صوبوں کے وسائل کو ان کا حق سمجھتے ہیں اسلئے سندھ کے جزائر کو وفاق کی ملکیت بنانے کے مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کے ساتھ پولیس افسران کی یکجہتی اچھی بات ہے تاہم آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی کو یرغمال بنانا قابل مذمت ہے، اس سلسلے میں سیاسی پارٹیوں نے یکجہتی کا اظہار کیاہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ کیپٹن صفدر پر ریڈ کے دوران مریم بھی ساتھ تھی جبکہ مزار قائد پر اس سے قبل عمران خان اور انکے حامی ہلڑ بازی کرچکے مگر ان پر کوئی مقدمہ نہیں بنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں اور ایپیکس کمیٹی میں بھی دہشت گردی کے معاملات پر فوج کی گرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال اس وقت خراب ہوتی ہے جب دوسرے اداروں میں مداخلت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کراچی دھماکہ کی مذمت کرتے ہیں۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جنگ وجیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف کو حق سچ لکھنے کی سزا دی جارہی ہے۔