میں بھٹو کا نواسہ ہوں، یو ٹرن نہیں لیتا، بلاول

October 22, 2020


چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میں بھٹو کا نواسہ، بے نظیر کا بیٹا ہوں، یو ٹرن نہیں لیتا، کھلاڑی نہیں کہ وعدے سے پھر جاؤں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسکردو کے ضلع گانچھے میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گانچھے بھٹو شہید نے ضلع بنایا تھا، ضیاء الحق نے گانچھے کا درجہ ختم کیا، جس کے بعد بینظیر نے دوبارہ ضلع کا درجہ دیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق دینا پڑیں گے، اسلام آباد میں بیٹھے لوگ فیصلے کرتے ہیں، لیکن آپ کی بات نہیں سنتے، ہمیں گلگت بلتستان کو بچانا ہے، ظالم سلیکٹڈ حکومت نے کیا حال کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کیا تباہی ہوئی ہے، پنجاب میں بھی تباہی کردی ہے ، صوبہ سندھ میں بھی وہ تباہی کرنا چاہتے ہیں جو دیگر صوبوں میں کی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کے پروپیگنڈہ پر یقین نہ کریں، یہ آپ کا مستقبل تباہ کریں گے، آپ کو تباہی سے بچانا ہوگا، آپ کو گھر گھر جا کر پیپلز پارٹی کا پیغام پہنچانا ہے، پیپلز پارٹی نے جمہوریت بحال کی ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جنگ لڑ رہی ہے، آپ نے ڈوگرہ راج سے آزادی چھینی تھی، ہم پاکستان میں کٹھ پتلی حکومت سے نظام چھین کر رہیں گے، اس ظالم حکومت نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بھی نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی ملازمین اسلام آباد میں دھرنے دے رہے ہیں جبکہ صدر زرداری کے دور میں بے نظیر انکم سپورٹ شروع کیا، تنخواہوں میں اضافہ ہوا، کراچی سے لے کر چھوٹے چھوٹے گاؤں میں مفت علاج کی سہولت دی گئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بھی اسپتال بن سکتے ہیں، مفت علاج ہوسکتا ہے اور یہ کام میں کروں گا، ہمیں دور دراز کے علاقوں میں یونیورسٹیاں بنانی پڑیں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نااہل حکمران عوام کے ذریعہ معاش کے لیے سونامی بن کر آئے ہیں،مثالیں ریاستِ مدینہ کی دیتے ہیں لیکن ان کے کام ہٹلرسے بھی بدتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب سے سلیکٹڈحکومت آئی ہے،عوام اچھی خبر سننے کو ترس گئی ہے، وفاقی کابینہ کا اجلاس ہو تو شہری سہم جاتے ہیں، وزیراعظم نوٹس لے تو ملک میں خوف کی لہر دوڑ جاتی ہے۔

وفاقی کابینہ کاکام بجلی،گیس،تیل کی قیمتیں بڑھانااوربیروزگارکرناہے، اُن کا کہنا ہے کہ حکومت کوخراب کارکردگی والا ایک ملازم برداشت نہیںہے توقوم نالائق وزیراعظم کو کیوں جھیلے؟

بلاول بھٹو نے کہا کہ نالائق حکمرانوں کے گھر جانے کا وقت قریب ہے، آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، پیپلز پارٹی کی حکومت آئے گی، پاکستان میں روزگار اور خوشحالی لائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تمام برطرف ملازمین کو فورا بحال کیا جائے۔