ایک سال بعد ہی اظہر کیلئے ٹیسٹ کپتانی بچانا مشکل

October 23, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اظہر علی کو ٹیسٹ کپتانی بچانا مشکل نظر آرہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کپتان کے بارے میں کرکٹ کمیٹی سے رائے لی جائے گی اور کپتان اظہر علی کے بارے میں اس وقت کوئی بات نہیں کروں گا لیکن کپتان کو تبدیل کرنے کے لئے ایک طریقہ کار ہے۔ جمعرات کو جنگ کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین موجود نہیں ہیں لیکن اراکین سے رائے لی جاسکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو ٹیسٹ کی کپتانی سے ہٹانے کے ایک سال بعد اظہر علی کو کپتانی بچانا مشکل دکھائی دے رہی ہے اور کپتانی کے لئے محمد رضوان کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔ پی سی بی حکام نے گذشتہ دنوں اظہر علی کا ایک سال مکمل ہونے کے بعد ان کا سالانہ اپریزل کیا۔ وسیم خان نے پنڈی میں اظہر علی سے علیحدہ بات چیت کی۔