صفدر گرفتاری، معاملے کی تہہ تک جائوں گا، وزیراعلیٰ سندھ، انتہائی اقدام کی تجویز مسترد، کمیٹی قائم

October 23, 2020

صفدر گرفتاری، معاملے کی تہہ تک جائوں گا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر مریم نواز کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تہہ تک جاؤں گا، جان بوجھ کر پی ڈی ایم اتحاد توڑنے کی سازش کی گئی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چیف منسٹرہائوس میں پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کے ا جلاس سے خطاب میں کیا ۔

ارکان نے وزیراعلیٰ سندھ کو معاملے پر انتہائی اقدام اُٹھانے کی تجویز دی تاہم وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز مسترد کرتے ہوئے تمام ارکان کو صبر سے کام لینے کا مشورہ دیا۔

علاوہ ازیں معاملے کی انکوائری کیلئے سعید غنی کی سربراہی میں 5رکنی کمیٹی قائم کردی ۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے تمام راکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو بتایا کہ جب سے پی ٹی آئی حکومت وجود میں آئی ہے تب سے کام کرنے نہیں دیا جارہا،جان بوجھ کر صوبائی حکومت کو ناکام بنانے کے لیے سازشیں کی جاتی رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم این ایف سی کے پیسے مانگتے ہیں تو جواب میں کہیں اور سے بلاوے آجاتے ہیں۔سیاسی طور پر بھی ہمارے خلاف سازشی عناصر ہمیشہ متحرک رہے ہیں انہوں نے حال ہی میںپیپلز پارٹی کے پی ڈی ایم اتحاد سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی ۔

انہوں نے کہا کہ جب پولیس افسران کی چھٹیوں کی درخواستیں آئی تو بہت پریشانی ہوئی۔

مرادعلی شاہ کا پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کہا کہ آئی جی کے ساتھ ہونے والے نامناسب سلوک پرمیں نے 48؍ گھنٹے بڑے کرب اور تکلیف میں گزارے۔