مسلسل تنقید میں رہنے والے مصباح کو لائف لائن مل گئی

October 24, 2020

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے مسلسل تنقید کی زد میں رہنے والے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو قبل از وقت ذمے داریوں سے سبکدوش کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں معاہدے کے مطابق وقت دیا جارہا ہے۔ جمعے کو نمائندہ جنگ کو خصوصی انٹر ویو میں چیئرمین احسان مانی نے کہا مصباح الحق کا تقرر تین سال کے لئے ہوا ہے انہیں قبل ازوقت سبکدوش کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ مصباح سمیت ٹیم انتظامیہ کے تمام لوگ ٹھیک انداز میں کام کررہے ہیں ۔بار بار تبدیلی کسی کی خواہش تو ہوسکتی ہے اس سے نتائج نہیں آسکتے۔ ہمیں وقت درکار ہے راتوں رات کچھ ٹھیک نہیں ہوگا۔ بیٹنگ کوچ یونس خان کا تقرر ٹیسٹ میچوں کے لئے ہوا تھا اب نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ میچوں سے قبل اس متعلق فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے۔ اس بارے میں آئی سی سی میٹنگ میں بات چیت ہوگی۔ احسان مانی نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہمیں جو وژن دیا ہے اس کے لئے دو سے تین سال درکار ہیں۔ تین ہفتے میں نئے گورننگ بورڈ کا تقرر ہورہا ہے۔ گورنس کے معاملات پر تنقید ہورہی ہے اس میں بھی بہتری لانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں ۔ بورڈ میں آزاد ڈائریکٹرز لائیں گے۔ ہمارے لئے اس وقت سب سے بڑا مسئلہ کئی کورٹ کیس ہیں۔ غیر ملکی کنسلٹنٹ کی مشاورت سے پاکستان کرکٹ کے سسٹم کو ٹھیک کررہے ہیں۔ سینٹر آف ایکسی لینس لارہے ہیں۔ قومی کوچنگ پروگرام پر کام ہورہا ہے۔