آر آئی یو جے کا جیو کے رپورٹر کے لاپتہ ہونے پر اظہار تشویش

October 24, 2020


راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) نے جیو کے رپورٹر علی عمران سید کے لاپتہ ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ سندھ عمران اسماعیل سے ان کی فوری بازیابی کیلئے اقدامات کرنے کو کہا ہے۔

آرآئی یوجے کے صدر عامر سجاد اور جنرل سیکرٹری آصف علی بھٹی کاکہنا ہے کہ پولیس قانون نافذ کرنے والے ادارے علی عمران سید کی فوری بازیابی کیلئے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ علی عمران کا لاپتہ ہونا قابل مذمت اقدام ہے، صحافیوں کے پیشہ ورانہ امور پر انہیں نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

آر آئی یو جے کا مزید کہنا تھا کہ علی عمران کی باحفاظت واپسی یقینی نہ بنائی تو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں جیو نیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید کو14 گھنٹے گزر جانے کے باوجود تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا ہے، اہلخانہ کاکہنا ہے کہ علی عمران جمعہ کی شام گھر سے قریبی بیکری تک گئے تھے مگر واپس نہیں آئے۔

مسز علی عمران سید کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر یہ کہہ کر باہر نکلے تھے کہ وہ آدھے گھنٹے میں لوٹ آئیں گے، موبائل فون گھر میں اور گاڑی گھر کے باہر کھڑی ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں اس طرح کا واقعہ اس سے قبل نہیں ہوا، شواہد اکٹھے کرکے کیس کو حل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔