گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بناکر رہیں گے، بلاول بھٹو

October 24, 2020


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو آئينی صوبہ بناکر رہیں گے، یہ میرا 2018ء کے منشور کا وعدہ ہے۔

اسکردو میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سبسڈی کی وجہ سے آج تک گندم پر فائدہ اٹھارہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب سے زیادہ تعلیمی ادارے اور اسپتال پیپلز پارٹی نے بنائے، عمران خان کو خیبر پختونخوا میں حکومت کرتے ہوئے 7 سال ہوگئے ایک نیا اسپتال نہیں بنا۔

انہوں نے کہا کہ ظالمو دیکھو، آپ نے بے نظیر بھٹو کو شہید کردیا لیکن گلگت بلتستان کی عورتیں آج بھی میری والدہ کا کردار ادا کررہی ہيں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے پوچھیں 2018ء میں صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا، اب تک پورا نہیں ہوا۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں عمران خان سے آپ کو بچانا ہے، ہمیں آپ کے بچوں کا مستقبل بچانا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ حالات میں مزدور، کسان سب سراپا احتجاج ہیں۔