قصور، مسافروں کے بھیس میں ڈاکوؤں نے کوسٹر لوٹ لی، تشدد کرکے جوتے تک لے گئے

October 26, 2020

قصور (نمائندہ جنگ) قصور میں مسافروں کے بھیس میں سوار ڈاکوئوں نےمسافروں کو یرغمال بناکر کوسٹرلوٹ لی۔کوسٹر میں موجود افراد سے لاکھوں لوٹ کران پرشدید تشدد کیا اور جوتے تک چھین کر فرار ہوگئے۔ اتوار کی رات دس بجے کےقریب لاہور سے قصور آنیوالی کوسٹر کو 4ڈاکوئوں نے تھانہ مصطفیٰ آباد پکی حویلی کے نزدیک روک کر ڈرائیور، خواتین ، مقامی فیکٹری کے کیشئر سمیت تمام مسافروں سے لاکھوں روپےکی نقدی ، جہیزکا سامان، طلائی زیورات ، موبائل فون وغیرہ لوٹ لیے۔تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کئی مسافروں سے انکی جوتیاں تک اتروا کرساتھ لے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق چار مسلح ڈاکو مسافروں کے بھیس میں بھاٹی سے قصور کیلئے مسافر کوسٹرمیں بیٹھے ، جب کوسٹر پکی حویلی پہنچی تو چاروں نے پسٹل نکال کر مسافروں کو یرغمال بنایا ، خواتین اور ڈرئیور سمیت تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ ان سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جن میں ایک نجی فیکٹری کے ملازمین کی 2لاکھ روپے تنخواہ بھی تھی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ڈی ایس پی سید اشفاق کاظمی کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں، مسافروں سے تفصیلات لے لی ہیں اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔