پارلیمنٹ حملہ کیس، عمران خان کی بریت کی استدعا

October 26, 2020


پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بریت کی استدعا کردی گئی۔

عبداللہ بابر اعوان ایڈوکیٹ نے عمران خان کی جانب سے بریت درخواست کے ساتھ تحریری دلائل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرائے ہیں۔

وکیل عمران خان کا درخواست میں کہنا ہے کہ کسی گواہ نے عمران خان کے مقدمے میں ملوث ہونا کا بیان نہیں دیا،ان کے خلاف پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

درخواست میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس سیاسی مقدمہ تھا، سزا کا کوئی امکان نہیں،عمران خان کو جھوٹے اور بےبنیاد مقدمے میں پھنسایا گیا ہے۔

وکیل عمران خان نے عدالت سے استدعا کی کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265 کے تحت عمران خان کو بری کیا جائے۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی بریت درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہےجسے 29 اکتوبر کوسنایا جائے گا۔