بھارت: مسلمان کانسٹیبل نے نوکری بچانے کیلئے داڑھی منڈوا دی

October 26, 2020

بھارتی پولیس کےمسلمان کانسٹیبل نے نوکری بچانے کیلئے داڑھی منڈوا دی جس کے بعد اسے نوکری پر بحال کر دیا گیا۔

بھارت میں حکمرانوں کی سختیوں اور بچوں کا پیٹ پالنے کی مجبوریوں کے سامنے بالآخر معطل بھارتی پولیس میں مسلمان کانسٹیبل نے ہتھیار ڈال دئیے اور اپنی نوکری بچانے کی خاطر اپنی داڑھی منڈوا دی جس کے بعد اسے نوکری پر بحال کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر باغپت میں ایس ایس پی نے مسلمان پولیس کانسٹیبل انتشار علی کو داڑھی رکھنے کے جرم میں ملازمت سے معطل کردیا تھا۔

پولیس کانسٹیبل انتشار علی کو محکمہ کی طرف سے تین بار تنبیہ کی گئی تھی کہ وہ اپنی داڑھی کو منڈوا دیں یا اس کے لیے طریقہ کار کے مطابق حکام سے باقاعدہ طور پر اجازت لیں۔

پولیس کانسٹیبل انتشار علی نے اجازت لینے سے انکار کر دیا تھا اور وہ داڑھی کے ساتھ ہی نوکری کرتے رہے اور ایسا کرنے پر پولیس کے اعلیٰ حکام نے انتشار علی کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیا جس کے بعد اسے معطل کر دیا گیا تھا۔