جمہوری قوتیں اورعوام حکومتی پالیسیوں سے شدید نالاں،احسن اقبال

October 27, 2020


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی تمام جمہوری قوتیں اور پاکستانی عوام حکومتی پالیسیوں سے شدید نالاں ہیں،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلام فوبیا ایک ٹرینڈ ہے جس کی نشاندہی وزیراعظم اور ہم پہلے کرچکے ہیں،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی کے ساتھ ظلم پورے پاکستان کے ساتھ ظلم ہے۔رہنما پاکستان مسلم لیگ ن احسن اقبال کاکہنا تھا جلسوں کی کامیابی کا ثبوت تو سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کا وہ خطاب ہے جو انہوں نے کنونشن سینٹر میں کیا اس کے بعد ان کا وہ انٹرویو ہے جو انہوں نے دیا ، وہ تو بوکھلائے ہوئے ہیں اور خود سے اب انہوں نے انتخابات کی بات کرنی شروع کردی ہے ۔ تینوں جلسوں نے واضح کردیا ہے کہ پاکستان کی تمام جمہوری قوتیں اور پاکستانی عوام حکومتی پالیسیوں سے شدید نالاں ہیں ۔ جلسوں میں تین ہفتے کے وقفے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان کے تمام اضلاع میں تمام گیارہ جماعتوں کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔